ہاروی کُشنگ اپنے وقت کے دماغ کے آپریشن کے زبردست سرجن تھے۔ ان کے مریض ان سے بہت پیار کرتے تھے اور ان کے بارے میں کہتے تھے کہ وہ بہت خیال رکھنے والے ہیں لیکن وہ اپنے سٹاف کو مسلسل ایک دہشت کے ماحول میں رکھتے تھے۔وہ غلطیوں کو برداشت نہیں کرتے تھے، غلطی کرنے پر سختی سے پیش آ سکتے تھے اور غُصے کا مظاہرہ کر سکتے تھے لیکن اُنھیں ان کے اس رویے پر معاف کیا جا سکتا ہے کیونکہ ان کی کارکردگی کے نتائج بہت اچھے تھے۔
سنہ 1931 میں 15 مئی تک اُنھوں نے امریکی ریاست میساچیوسٹس کے شہر بوسٹن کے پیٹر بنٹ برِگھم ہسپتال میں دماغ میں سے رسولی نکالنے کے اپنی زندگی کے دو ہزار آپریشن مکمل کر لیے۔
اس آپریشن کے وقت ان کی اس مریضہ کا نام ایڈا ہرسکووِٹز تھا۔ ہرسکووِٹز کے دماغ میں رسولی کی تشخیص ہوئی تھی جو ان کے لیے سخت سر درد کی وجہ تھی اور ان کی نظر بھی بری طرح متاثر کر رہی تھی۔
کئی گھنٹوں تک کُشنگ نے صبر و استقامت، احتیاط اور ایک نظام کے مطابق آپریشن کیا۔ انھوں نے کھلے ہوئے دماغ کو صاف کیا، خون کی رگوں کو بند کرتے ہوئے بہت نازک طریقے سے ٹشوز کو صاف کیا اور اپنی مریضہ کی نظر بحال کی۔
اُس سے پہلے دس میں سے آٹھ مریض دماغ کے آپریشن کے بعد ہلاک ہو جاتے تھے۔ ان کے ہسپتال میں سرجنز نے اس تعداد کو 8 فیصد تک کم کردیا (یعنی دس میں ایک سے بھی کم)۔ ایڈا ہرسکووِٹز نے اس کے بعد ایک لمبی عمر پائی۔
ییل یونیورسٹی کے سکول آف میڈیسن کے ہاروی اینڈ کیٹ کُشنگ پروفیسر آف نیورو سرجن، ڈینِس سپینسر کہتے ہیں کہ ’اُنھیں (کُشنگ) نیورو سرجری کا بانی کہا جاتا تھا۔ انھوں نے اپنی زندگی دماغ کی سرجری کو ایک تخصیصی ہنر کی شکل میں تبدیل کے لیے وقف کر رکھی تھی۔‘





